زندگی کی طرف پلٹ کر دیکھا

گذشتہ سال یعنی 2020 کے آغاز میں ، میں ایک پیغام سن رہا تھا جس نے مجھے اپنے پچھلے عشر کا پوسٹ مارٹم کرنے کی ترغیب دی۔ جب میں نے اِن 10 سالوں میں اپنی زندگی کی طرف پلٹ کر دیکھا تو اِس نے مجھے زندگی کی نزاکت اور اس کی خوبصورتی کی یاد دِلادی۔ میں نے اپنے روزنامچہ میں بہت ساری چیزیں لکھیں جن سے مجھے غم اور خوشی  حاصل ہوئی تھی ۔ میں نے اپنی جدوجہد کے بارے میں لکھا ، میں نے درد لکھا، میں نے محبت کو لکھا ، میں نے وہ وقت لکھا جہاں میں خالی محسوس کرتا تھا وہ وقت جہاں کچھ سمجھ میں نہیں آتا تھا ، ایسے اوقات جہاں الفاظ کبھی کافی نہیں ہوتے تھے لیکن آنسو ناپید باتیں بولتے تھے۔ میں حیرت زدہ تھا کہ کیسے مجھے خداوند کے فضل نے مضبوطی سے تھامے رکھا۔

آنے والے دنوں میں، میں اپنی زندگی کے چند اسباق پر بات چیت کرنے کی پوری کوشش کروں گا جس نے مجھے زندگی کی قدرکرنا سیکھایا ہے۔ ایسی بہت سی باتیں ہیں جو میں نے اپنی زندگی میں سیکھیں ہیں اور مجھے اِس زندگی کے سفر میں بہت سے قیمتی لوگوں سے ملنے کا شرف ہوا ہے جنہوں نے ہمیشہ مجھے  بہتر تبدیلی کی طرف راغب کیا۔

 مجھے امید ہے کہ اِس سے آپ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور آپ کو ایک چیلنج ملے گا۔

 یسوع کے پیچھے چلنے  کا فیصلہ میری زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ ہے۔  مجھے اِس فیصلے پر کبھی پچھتاوا نہیں ہوا۔ یسوع کے ساتھ تعلق نے زندگی کو معنی اور مقصد عطا کیا۔ یسوع مسیح میں، آپ اور میں ایک صحیح قدر تلاش کرسکتے ہیں۔ یسوع مسیح اِس دنیا میں آئے، مصلوب ہوئے اور فتح کے ساتھ تیسرے دن مُردوں میں سے جی اُٹھے۔ اُس کے پیچھے چلنےکی میری وجہ یہ ہے کہ وہ خداوند ہے اور وہ زندہ بادشاہ ہے۔ خُداکے بغیر زندگی بے معنی اوربےمقصد ہے۔ سینٹ اگسٹین کا یہ قول بہت خوبصورت ہے اے خداوند ، تو نے ہمیں اپنے لئے بنایا ہے اور ہمارے دل اُس وقت تک بے چین رہتے ہیں جب تک کہ وہ تجھ میں آرام نہ کریں۔

  میں اُس کی پیروی کرتا ہوں کیوں کہ وہ راہ ہے، حق ہے اور وہی زندگی ہے۔وہ اَن دیکھےخُدا کی صورت ہے۔ یسوع مسیح کے وسیلے سے ہم  خدا کے ساتھ صلح اور راست تعلق میں آسکتے ہیں۔ ہمارے اچھےکام یا نیک اعمال  ہمیں نجات نہیں دے سکتےبلکہ یسوع مسیح پر ایمان رکھنے سےہم مفت راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں جو ہم اپنے نیک اعمال سے کبھی حاصل نہیں کر سکتے۔ اُس کے پیچھے چلنا اور اُس کی فرمابرداری کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں اپنے اس فیصلے پر بہت شکر گزار ہوں۔ اُس کی پیروی کرنا ایک مہم جوئی اور خوبصورت اور حیرت انگیز سفر ہے۔

یسوع مسیح کے پیچھے چلیں اور حقیقی آرام کو حاصل کریں۔ آمین

کلسیوں ۱:۱۵،۲۰

وہ اَن دیکھے خُدا کی صُورت اور تمام مخلُوقات سے پہلے مَولُود ہے۔
کیونکہ اُسی میں سب چِیزیں پَیدا کی گئِیں ۔آسمان کی ہوں یا زمِین کی ۔ دیکھی ہوں یا اَن دیکھی ۔ تخت ہوںیا رِیاستیں یا حُکومتیں یا اِختیارات ۔ سب چِیزیں اُسی کے وسِیلہ سے اور اُسی کے واسطے پَیدا ہُوئی ۔
اور وہ سب چِیزوں سے پہلے ہے اور اُسی میں سب چِیزیں قائِم رہتی ہیں۔
اور وُہی بدن یعنی کلِیسیا کا سر ہے ۔ وُہی ابتدا ہے اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھا تاکہ سب باتوں میں اُس کا اَوّل درجہ ہو۔
کیونکہ باپ کو یہ پسند آیا کہ ساری معمُوری اُسی میں سکُونت کرے۔
اور اُس کے خُون کے سبب سے جو صلِیب پر بہا صُلح کر کے سب چِیزوں کا اُسی کے وسِیلہ سے اپنے ساتھ میل کر لے ۔ خَواہ وہ زمِین کی ہوں خَواہ آسمان کی۔

Leave a Comment