ہر دن کا سامنا کرنے کی قوت

زندگی کی مصروفیات میں آرام کرنے کا دن نکالنا ایک عمدہ تجویز ہے لیکن خدا کا ہر ایک کے لئے منصوبہ ہے کہ وہ زندگی کی مصروفیات میں آرام سے رہے۔ زندگی کی باگ دوڑ اور کامیابیوں کے پیچھے باگنا جو اِس جہاں میں عارضی ہیں ہمارے ذہن کو تھکا دیتی ہیں اور ہر دِن کا سامنا کرنے کی قوت کو گھٹا دیتی ہیں۔ ایسے میں ہم اپنے منفی خیالات کو جو ہمارے جذبات کو متاثر کرتے ہیں کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ ہمیں زخمی کریں اور جب ہم زخمی ہوجاتے ہیں پھر ہم اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی زخم دینا شروع کر دیتے ہیں۔

مثال کے طور پر آپ اندر سے بے چین ہیں کیونکہ آپ کی نیند نہیں پوری ہوئی اور گھریلو پریشانیوں نے دبا دیا ہے اور اگلے دن آپ معمول کے مطابق کام پر چلے جاتے ہیں لیکن آپ کا ذہن تھکا ہوا ہے اور کوئی آپ کے پاس آ کر کچھ طنزیہ الفاظ کہہ جاتا ہے جس سے آپ رنجیدہ ہوجاتے ہیں پر آپ دکھاتے نہیں کے آپ رنجیدہ ہیں پھر آپ کا باس کسی وجہ سے برہمی کا اظہار کرتا ہے جس سے شخصیت کو مجروح ہونے کا موقع مل جاتا ہے اور آپ اب برداشت نہیں کر سکتے اِس لئے آپ اپنا غصہ اُس پر جو آپ کے تابع ہے پر نکال دیتے ہیں اور کام میں بھی آرام نہیں اور گھر میں بھی آرام نہیں جیسے خیالات کی گرفت میں آجاتے ہیں۔ شاید کام کا غصہ آپ اپنے گھر والوں پر نکالتے ہیں اور گھر کا غصہ کام والوں پر کیونکہ ہم اتنی باگ دوڑ میں لگ گئے ہیں کہ آرام سے  کئی میل دور ہوچکے ہیں۔

خدا چاہتا ہے کہ آپ آرام اور اطمینان میں رہیں جو صرف اُسی سے صادر ہوتا ہے لیکن یہ جان لینا کے آپ کی شناخت آپ کی باگ دوڑ یا کام میں نہیں بلکہ آپ کی شناخت اِس میں ہے کہ  خدا  کے فرزند ہیں جس کا حق آپ کو اُس وقت ملتا ہے جب آپ یسوع مسیح پر ایمان لاتے جو خود حقیقی آرام ہے۔ یسوع نے کہا میرے پاس آؤ ۔ میں تم کو آرام دوں گا۔ جب آپ خدا کے آرام میں رہتے ہیں تو محبت کرنا آسان ہوجاتا ہے اور معاف کرنا معمول بن جاتا ہے اور زندگی کی مصروفیات میں آرام حاصل ہوجاتا ہے کیونکہ حقیقی آرام خدا سے صادر ہوتا ہے اور میں اور آپ اُس کے فرزند ہوتے ہوئے اِسے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔کام کریں لیکن کام کے پیچھے نہ چلیں بلکہ مسیح کے پیچھے چلیں اور وہ آپ کو ہر دن کا سامنا کرنے کی قوت عطا کرے گا تاکہ آپ اپنے آپ سے اور دوسروں سے محبت رکھ سکیں اور اپنی تھکاوٹ میں بھی آرام پائیں تاکہ کام کا غصہ گھر پر اور گھر کا غصہ کام پر نہ نکال سکیں۔

جب آپ کے اندر آرام نہیں پھر آپ دوسروں کو بھی آرام سے نہیں رہنے دیں گے۔ اِس لئے اپنی نیند پوری کریں اور روح القدس سے کہیں کہ وہ آپ میں اطمینان کا کام شروع کرے تاکہ آپ اُس کے آرام میں رہیں جو ہماری نیکیوں سے نہیں بلکہ مسیح پر ایمان لانے سے ملتا ہے۔

خداوند آپ کے ساتھ ہو

1 thought on “ہر دن کا سامنا کرنے کی قوت”

Leave a Comment