کُرسی اُن کا تماشا دیکھ کر ہنستی رہی

یہ دلفریب کُرسی نجانے کتنے بادشاہوں کو نگل گئی اور کتنے سادہ لوح اِنسانوں کی جان لے گئی۔ یہ کُرسی امریت پسندوں کی پیاس کو تسکین دیتی ہے اور معصومین کو بگاڑ دیتی ہے۔ ماضی اور موجودہ دور میں کچھ ایسے واقعات اور خبریں سُننے اور دیکھنے کو ملتی ہیں جو دِل دہلا دینے والی ہوتی ہیں کہ کیسے اِس کُرسی نے اپنوں کو اجنبی بنا ڈالا اور کُرسی کے پُجاری نہ مخلص دوست بن سکے اور نہ مخلص دُشمن۔

میں نے اِس کُرسی کے اِردگرد طاقت کے پیاسوں کو چکر لگاتے دیکھا اور ایک دوسرے کا خون بہاتے اور نالِش لگاتے دیکھا ہےاور یہ کُرسی اُن کا تماشا دیکھ کر ہنستی رہی۔ کیونکہ یہ جان چُکی تھی کے انسانوں کی بادشاہت ہمیشہ تک نہیں رہتی۔ اِس کُرسی نے حاکموں کا ساتھ بھی دیا ہے اور اُن کو نابود بھی کیا ہے۔ لیکن اِن طاقت کے پُجاریوں کو کون سمجھائے گا کہ اُن کے اِس کھیل میں عام آدمی روندھا چلا جاتا ہے۔

بہت دیر سے بیرونی سازش کے الفاظ معاشرے میں مقبول ٹھہرے ہوئے ہیں جیسے کے انگور کھٹے ہیں کا محاورہ۔ پر کیا واقعی ہمارے ملک میں بیرونی سازش کا اثر ہوسکتا ہے؟ میرے خیال سے سازش ہوسکتی ہے کیونکہ سازش ہمیشہ ہوشیار اور ذہین لوگوں کا شعبہ ہوتی ہے اور ہم پر حکمرانی وہ کر جاتے ہیں جو ہم سے زیادہ ذہین ہوتے ہیں یا ہوشیار ہوتے ہیں۔ اِس سے بچنے کے لئے خود کفیل اور بہت ہوشیار ہونا پڑتا ہے لیکن ایک مقروض قوم پر آزادی کے نعرے مناسب نہیں لگتے بلکہ معافی کی درخواستیں بجا لگتی ہیں۔ اِس لئے خود کفیل بنیں اور قرض لینے کی بجائے دیا کریں پھر آپ کا سکہ چلے گا۔

اِس زمین پر بہت سے کُرسی کے اِردگرد چکر لگانے والے نظر آئیں گے لیکن خدا ہمیشہ تخت نشین رہے گا۔

جہاں پر کُرسی پر بیٹھنے والے حُکم جتاتے اور لوگوں کے کندھوں پر بوجھ ڈالتے ہیں تو مجھے ایک ایسا بادشاہ یاد آجاتا ہے جو صادق ہے اور نجات اُس کے ہاتھ میں ہے اور وہ حلیم ہے۔ ایسا بادشاہ جس نے خود کو خالی کر دیا اور خود اپنے لوگوں کے پاس آیا۔ یہ بادشاہ یسوع مسیح ہے جس نے کسی کا خون نہ بہایا بلکہ اپنا خون دے کر انسان کی نجات کا وسیلہ بنا۔

 دُعا: اے خدا میرے ملک پاکستان پر رحم کر اور اِسے سلامتی بخش اور خودکفیل بننے کی حکمت عنایت کر۔ آمین

Leave a Comment