آپ دُنیا کی سب سے خوبصورت جگہ میں چلے جائیں لیکن وہاں کے لوگ آپ کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کریں گے تو وہ جنت نُما دِکھنے والی جگہ جہنم لگنے لگے گی۔ ہمارے ملک میں ملی نغموں سے لوگ بہت جذباتی ہو کر اِس ملک سے اپنی وفا اور محبت کا اظہار کرتے ہے۔
مجھے بھی اپنے ملک سے محبت ہے اور کوئی بھی دِن ایسا نہیں جاتا جہاں میں نے اِس ملک کی سلامتی کے لئے دعا نہ کی ہو۔14اگست ہماری تاریخ کا سب سے اہم پہلو ہے جس دن کو ہم اِس خوشی سے مناتے ہیں کہ ہم آزاد ہیں۔اورہمیں اِس دن اُن لوگوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیےجن کی کاوشوں اور قربانیوں کی بدولت یہ پاکستان معرضِ وجود میں آیا لیکن اِس عمل میں ہم یہ بھی یاد رکھیں کہ اب جو لوگ اِس دھرتی میں رہتے ہیں اِن کی نگہداشت اور بہتری اور ترقی اور اتحاد کے لئے بھی محنت کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ کاوشیں اور قربانیاں ضائع نہ جائیں۔ صرف قربانیوں کو ہی یاد نہ رکھا جائے بلکہ جن کے لئے قربانیاں دی گئی ہیں اُن کی دیکھ بھال بھی کی جائے۔
اپنے وطن کی مٹی اِس کے پرچم اور اِس کی خوبصورت وادیوں اور پہاڑوں اور ندیوں اور موسموں کو ہی سہراتے نہ رہیں۔ بلکہ اِس پرچم کے سایہ تلے لوگوں کو قبول کریں اور اُن کے ساتھ اچھا سلوک کریں۔ کسی کے فرق ہونے کو ملک کی ناکامی نہ سمجھیں بلکہ اِن کے فرق ہونے کو ملک کی خوبصورتی سمجھیں۔ میرے وطن کی مٹی گواہ ہے کے اِس ملک میں کیا ہو رہا ہے لیکن کیا آپ گواہ ہیں؟ کیا آپ نے تاریخ سے کچھ سیکھا بھی ہے یا نہیں؟جھگڑوں سے اور ایک دوسرے کی گردن کاٹنے اور اُن پر الزامات لگانے سےآپ نے کونسا برج خلیفہ بنا لیا ہے؟
اِنجیل میں لکھا ہے کیونکہ خدا نے دُنیا سے ایسی محبت رکھی۔جہاں لفظ دُنیا ہے اس کا مطلب ہے اُسے اِس دُنیا کے لوگوں سے محبت ہے اُس نےانسانوں سے محبت رکھی۔خُدا اِس مٹی سے زیادہ اِنسان کی قدر کرتا اور اُس سے محبت رکھتا ہے۔کیا ہم اِس 14اگست کومٹی سے محبت کے اظہار کی بجائے اِس میں رہنے والوں کو یہ احساس دلائیں گےکہ ہمارے لئے تم اِس مٹی سے زیادہ قیمتی ہو کیونکہ جنت جیسی دکھنے والی جگہیں جہنم لگنے لگتی ہیں جب وہاں کے لوگ ایک دوسرے سے اچھا سلوک نہیں کرتے۔سوال یہ ہے کہ میں اور آپ کیسی قوم بننا چاہتے ہیں؟
اپنے ملک کی سلامتی کے لئے ضرور دعا کریں۔
آپ سب کو جشنِ آزادی مبارک ہو